Mustafai Dashboard

مصطفائی سوشل ریفارمر


bismillah

آپ جب سوشل میڈیا کا بٹن دباتے ہیں تو یکا یک کچی پکی ،جھوٹی سچی،بری اچھی،چاہی نا چاہی ،جدید قدیم،متعلقہ اور غیر متعلقہ معلومات کاایک طوفان اس شدت سے آپ کے شعور کے ساتھ ٹکراتاہے کہ آپ چکرا جاتے ہیں اور اکثر اوقات یہ بھی بھول جاتے ہیں کہ آپ تلاشنے کیا نکلے تھے۔سوشل میڈیا کی رنگا رنگی پہلے آپ کے ذہن سے وہ مقصد محو کرتی ہے جس کے لیے آپ سوشل میڈیا پر گئے تھے۔ازاں بعد وہ آپ کی سوچ کی مہار ہاتھ میں پکڑ کر ایسی وادیوں کی سیر کراتے ہیں جو آپ کے وہم وگمان میں بھی نہیں ہوتیں۔چند ایک ہوا خوریوں کے بعد آپ اس قدر عادی ہو جاتے ہیں کہ سہولت میسر نہ ہونے کی صورت میں منشیات کے عادی انسان کی طرح آپ کا تن من ٹوٹنے لگتا ہے اور آپ پلے سے پیسہ لگا کر وہ سہولت خریدتے ہیں۔

اس ذہنی آوارہ گردی کے لیے چونکہ عمر ،جنس،ملک یا مذہب کی کوئی قید نہیں ہوتی اس لیے یہ تمام حدیں اور سر حدیں ،فصیلیں اور چار دیواریاں توڑ کر ہر موقع اور مقام پر موجود ہوتا ہے اس لیے اس کے اثرات اتنے ہمہ گیر اور ہمہ جہت ہوتے ہیں کہ دنیا کی کوئی طاقت اور تدبیر ان کا راستہ نہیں روک سکتی ۔ لہٰذا سوائے اس کے کوئی چارہ نہیں کہ سوشل میڈیا کے ہر پلیٹ فارم پر موجود قابلِ اعتراض،غیر اخلاقی اور منفی موادکے ساتھ ساتھ ایسا معمار اخلاق اور صالح نظریات پر مشتمل ،لائق تحسین مواد موجود ہو جو ہر عمر اور ہر ذہنی سطح کے افراد کے لیے یکساں مفید ہو ۔مصطفائی تحریک عمدہ اخلاق اور صالح نظریات پر مشتمل نو جوانوں کا ایک ایسا کارواں تیا ر کرنا چاہتی ہے جو اپنی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بروئےکارلاتے ہوئے ہر پلیٹ فارم پر موجود باطل نظریات اور غیر اخلاقی مواد کا توڑ مثبت اور تعمیری انداز میں کر کے بنی نوع انسان کو منفی سوچ اور بری عادات سے چھٹکارا دلا سکے۔