


موجدجب اپنی کوئی ایجاد بازار میں لاتا ہے تو اس کے ساتھ استفادہ عام کے لیےطریقہ استعمال اور کارکردگی کے گُر جنہیں حرف عام میں user manualکہا جاتا ہے ،فراہم کرتا ہے ۔انسان اس کائنات کی پیچیدہ ترین مشین بلکہ مشینوں کا مجموعہ ہے،جسے کئی خود کار نظام باہم مربوط کرتے اور چلاتے ہیں ۔نیز اس کی بے حد خوبصورت پیکنگ اس بات کی متقاضی ہے کہ اس کے بہترین استعمال کے لیے user manual میسر ہو ۔یہ user manual الہامی کتب کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہیں۔لہذا یہ کہنابلکل بجا ہوگا کہ مذہب اتنا ہی قدیم ہے جتنا کہ خود انسان۔انسان کےموجدنے جب پہلے انسان کو کرہ ٔارض پر وارد کیا تو اسے بشریت کے ساتھ ساتھ نبوت کی صفت سے بھی مرصع فرمایا تاکہ وہ اپنے خالق سے اپنی اولاد کی بودو باش،خوردونوش،اخلاق واطواراور معیشت و معاشرت کے حوالے سے راہنمائی لے کر زندگی کا دانشمدانہ آغاز کر سکیں۔حضرت آدم علیہ السلام کرۂ ارض پر پہلے انسان اور پہلے نبی تھے۔جوں جوں ان کی اولاد کرۂ ارض کےمختلف خطوں اور براعظموں میں پھلتی گئی توں توں ان کی راہبری کے لیے انبیاء کرامؑ تشریف لاتے رہے ۔تا آنکہ خاتم الانبیاء ﷺتشریف لائے اور انسانیت کو جدید ترین قر آن کریم کی صورت میں دستو را لعمل عطاء فر مایا۔
عصر حا ضر کا انسان شعور و آگاہی کے حوالے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر کھڑا ہے۔اس نے اپنے علم اورایجادات کے زور پر زمین کی تہیں چیر اور افلاک کی چوٹیاں روند ڈالی ہیں۔کا ئنات کا کوئی کونہ یا گوشہ ایسا نہیں جو اس کی دسترس سے باہر ہو ۔تاہم وہ یہ جا ننے سے اب بھی قاصر ہے کہ وہ کہاں سے آیا ہے ،کتنے عرصے کے لیے آیا ہےاور اپنے ارمانوں،امنگوں،توانائیوں ،صلاحیتوں اور سہولتوں سمیت کہا ں چلا جاتا ہے۔ان سارے سوالات کا جواب صرف مذہب کے پاس ہے۔لہٰذا جب تک موت موجود ہےتب تک مذہب موجود رہے گا ۔جب تک انسان موت پر قابو نہیں پا لیتاتب تک مذہب کو اپنی زندگی سے بے دخل نہیں کرسکتا۔ویسے بھی کرۂ ارض کو اگر انسانوں کے لیے بہترین بستی بنانا ہے تو پھر ہمیں اچھائی وبرائی،جائز و ناجائز اور غلط وصحیح میں تمیز کرنی ہوگی اور ان کےلیے کچھ معیارات مقرر کرنے ہوں گے،یہی مذہب کی منشاء ہے۔مذہب ہمیں یہی بتاتا ہے ہم نے خودکو اور ماحول کو پاک صاف کیسے رکھنا ہے ،کھانے پینے کی اشیاءکی صفائی ستھرائی کیسے کرنی ہےاور اپنے اخلاق کو پاکیزہ کیسے رکھنا ہے۔
ان ضرورتوں کے علاوہ انسان کی کچھ روحانی ضرورتیں بھی ہیں ۔کیو نکہ انسان روح اور مادہ کا مجموعہ ہے ۔ان روحانی اور ذہنی بے چینیوں کو آسودگی میں بدلنے کا نصاب بھی صرف مذہب کے پاس ہے۔لہٰذا مذہب کے بغیرپُر سکون زندگی کا تصور خام خیالی ہے۔مذہب کی جدید ترین صورت اسلام ہے۔ حضرت محمدﷺآخری نبی ہیں ۔ آپ ﷺکا فلسفہ اور عمل اب تک کا کامل ترین ،خوبصورت ترین اور آسان ترین نمونہ ہے۔